خبرنامہ انٹرنیشنل

چین اور روس کا شمالی کوریا کے قریب جنگی مشقوں کا آغاز

چین اور روس کا شمالی کوریا کے قریب جنگی مشقوں کا آغاز
بیجنگ (اے پی پی،ملت آن لائن) چین اور روس نے شمالی کوریا کے قریب مشترکہ بحری جنگی مشقوں کا آغاز کر دیا۔ یہ مشقیں ایک ایسے موقع پر کی جا رہی ہیں جب شمالی کوریا کے جوہری اور میزائل تجربات کے سبب تناؤ کافی زیادہ ہے۔ چینی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق یہ مشقیں ’’پیٹر دی گریٹ بے‘‘ اور بحیرہ اوہاٹسک کے جنوبی حصے میں کی جا رہی ہیں۔ پیٹر دی گریٹ بے روس کی مشرقی بندرگاہ ولادی ووسٹوک اور شمالی کوریا کی سرحد کے قریب ہے۔ رواں برس کے دوران چین اور روس کی یہ دوسری مشترکہ جنگی مشقیں ہیں۔ چین اور روس دونوں کوریائی بحران کے پر امن حل کے حامی ہیں۔

درسری طرف جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ شمالی کوریا بین البراعظمی میزائل ٹیکنالوجی (آئی سی بی ایم) حاصل کرنے کے آخری مراحل میں ہے۔ چینی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب گذشتہ ہفتے شمالی کوریا نے درمیانی رینج کے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا۔ جنوبی کوریا کی وزارت دفاع قومی اسمبلی کی دفاع کی کمیٹی کو اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ شمالی کوریا آئی سی بی ایم حاصل کرنے کے قریب ہے کہ جبکہ اس نے آئی آر بی ایم ٹیکنالوجی پہلے ہی حاصل کر رکھی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا اپنی جوہری صلاحیت کو محفوظ بنانے لے لئے مزید جوہری اور میزائل تجربے کرے گا۔