خبرنامہ انٹرنیشنل

اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کیخلاف کرپشن کے مزید ثبوت، تیسرا مقدمہ درج

اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کیخلاف کرپشن اور فراڈ کے مزید ثبوت سامنے آگئے، اسرائیلی پولیس نے وزیراعظم کیخلاف تیسرا مقدمہ درج کرلیا، میکسیکو کے سابق صدر کے زیراستعمال طیارہ فروخت کے لئے پیش کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو اور ان کی اہلیہ پر کرپشن کے الزامات کی بھرمار ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نتن یاہو کے خلاف کرپشن کے بہت سے ثبوت ملے ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ وزیراعظم رشوت خوری، دھوکا دہی اور اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے جرائم کے مرتکب ہوئے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق شواہد ملنے کے بعد نتن یاہو کے خلاف تیسرا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے، وزیراعظم اوران کی اہلیہ نے مختلف منصوبوں میں کرپشن اور فراڈ کرکے ملکی خزانے کو نقصان پہنچایا۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور ان کے ساتھیوں پر الزام ہے کہ اُنہوں نے اپنی تشہیر کیلئے ایک ٹیلی کام کمپنی کو خلاف ضابطہ لاکھوں ڈالر کا بزنس دیا۔

اس کے علاوہ پولیس نے ان کے کاروباری شراکت داروں کو بھی حراست میں لیا ہوا ہے جنہوں نے غیر قانونی ذرائع سے جائیداد بنانے میں ان کی معاونت کی اور مختلف کمپنیوں سے رشوت لینے کا اعتراف بھی کیا۔