خبرنامہ انٹرنیشنل

افغانستان ،داعش نے 30 افراد کو یرغمال بنانے کے بعد قتل کردیا

کابل/لندن (ملت + آئی این پی )افغانستان میں شدت پسند تنظیم داعش نے 30 افراد کو یرغمال بنانے کے بعد قتل کردیا۔برطانوی میڈیاکے مطابق افغان صوبہ غور کے حکام کا کہنا ہے کہ دولت اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم نے 30 افراد کو یرغمال بنانے کے بعد ان کو قتل کر دیا ہے۔ دولت اسلامیہ نے ان شہریوں کو اس وقت یرغمال بنایا جب وہ پہاڑوں پر لکڑیاں جمع کر رہے تھے۔حکام نے بتایا کہ ان شہریوں کو دولت اسلامیہ نے اس وقت گولیاں مار کر ہلاک کیا جب مقامی افراد نے ان کو بچانے کی کوشش کی۔صوبہ غور کے ترجمان نے بتایا کہ مقامی افراد کی فائرنگ سے دولت اسلامیہ کا مقامی کمانڈر بھی ہلاک ہوا ہے۔گورنر ناصر خازے نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔یاد رہے کہ افغانستان میں دولت اسلامیہ کی حمایت میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے اور کچھ علاقوں میں دولت اسلامیہ طالبان کی عملداری کو بھی چیلنج کر رہی ہے۔اطلاعات کے مطابق جنوری 2015 سے افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان اور دولت اسلامیہ کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔