خبرنامہ انٹرنیشنل

افغانستان میں پرتشدد واقعات میں 15عسکریت پسند اور7سیکیورٹی اہلکار ہلاک

کابل ۔ (اے پی پی) افغانستان میں پرتشدد واقعات میں 15عسکریت پسند اور7سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ گذشتہ روز وسطی اورزگان کے ضلع دائی رود میں عسکریت پسندوں نے پولیس کی پوسٹوں پر حملہ کیا جس کے بعد جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ ان جھڑپوں میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک اورچھ زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق کارروائی میں پانچ عسکریت پسند ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔ طالبان کے ایک ترجمان نے افغان میڈیا کو جاری کئے جانے والے ایک بیان میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ شمال مغربی صوبہ بدخشاں میں سیکیورٹی فورسز نے طالبان کے ایک بڑے حملے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ حکام نے بتایا کہ طالبان بدخشاں کے علاقہ ایاردار میں پولیس کی چیک پوسٹوں پر کئی مربوط حملے کئے تاہم پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے ان حملوں کو ناکام بنایا اورجوابی کارروائی میں پانچ طالبان ہلاک ، 10زخمی جبکہ پانچ کو گرفتارکیا گیا۔ بعض ذرائع کے مطابق ان جھڑپوں میں دو فوجی اہلکار ہلاک اورتین زخمی ہوگئے۔