خبرنامہ انٹرنیشنل

افغان سیکورٹی فورسز کی زمینی ، فضائی کاروائیوں اور جھڑپوں میں23شدت پسند ہلاک ، 20 زخمی

کابل(آئی این پی) افغان سیکورٹی فورسز کی زمینی ، فضائی کاروائیوں اور جھڑپوں کے دوران 23شدت پسند ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے جبکہ طالبان نے 12 افغان سیکورٹی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ،ادھر بغلان کے نائب گورنر راکٹ حملے میں بال بال بچ گئے ،حملے میں ایک شخص ہلاک اور 2زخمی ہوگئے۔پیر کو افغان میڈیا کے مطابق مشرقی صوبہ لغمان میں افغان سیکورٹی فورسز کی زمینی اور فضائی کاروائی میں 6 شدت پسند ہلاک ہوگئے ۔وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان سیکورٹی فورسز کی کاروائی علاقے کو عسکریت پسندوں سے پاک کرنے کیلئے فولاد 34 آپریشنز کا حصہ ہے ۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران 4 مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیاجبکہ مختلف اقسام کے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔آپریشن افغان نیشنل آرمی کی سلیب کور کی 201 بریگیڈ کے ساتھ مل کرکیا گیا جس میں افغان فضائیہ کی مدد بھی حاصل تھی۔ادھر شمالی قندوز کے ضلع دشت آرچی میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 17طالبان ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے جبکہ طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس چیک پوسٹوں پر جنگجوؤں کے حملوں میں 12اہلکار مارے گئے ہیں۔طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ افغان سیکورٹی فورسز نے طالبان کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں اس دوران 12 سیکورٹی اہلکار مارے گئے ہیں۔ترجمان نے تصدیق کی کہ جھڑپوں میں 3 طالبان جنگجو ہلاک اور6 زخمی ہوگئے۔دوسری جانب صوبہ بغلان میں گورنر کے دفتر پر راکٹ حملے میں ایک شخص ہلاک اور 2زخمی ہوگئے۔حکام کا کہنا ہے کہ حملہ صبح گیارہ بجے کیا گیا ،راکٹ نامعلوم مقام سے فائر کیا گیا جو ڈپٹی گورنر کے دفتر پر گرا تاہم نائب گورنر حملے میں محفوظ رہے۔طالبان سمیت کسی بھی گروپ نے تاحال حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔