خبرنامہ انٹرنیشنل

افغان سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں77شدت پسند ہلاک، متعدد زخمی

کابل (ملت + آئی این پی) افغان سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں77شدت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ وزارت دفاع نے ضلع سنگین پر طالبان کے قبضے کی خبروں کو مسترد کردیا،دوسری جانب صوبہ ہرات میں سیکورٹی فورسز نے گروپ کمانڈر سمیت 6طالبان جنگجوؤں کو گرفتارکرلیا۔ہفتہ کو افغان میڈیا کے مطابق سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں77شدت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن صوبہ لوگر،خوست،پکتیا،کپیسا،فریاب،ہرات،قندھار اور ہلمند میں کیا گیا۔فریاب کے ضلع پشتون کوٹ میں سیکورٹی فورسز کی کاروائی میں 7غیر ملکیوں سمیت 23شدت پسند ہلاک اور3دیگر زخمی ہوگئے ۔سیکورٹی فورسز نے 15موٹر سائیکل ایک مشین گن اور اینٹی ائیرکرافٹ گنز بھی قبضے میں لے لیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قندھار کے ضلع نیش میں کی گئی کاروائی کے دوران 22شدت پسند ہلاک ہوئے جبکہ مشرقی صوبہ ننگرہار کے ضلع نازیان میں کی گئی کاروائی میں داعش کے کئی جنگجو مارے گئے ۔ادھر افغان وزارت دفاع نے ضلع سنگین پر طالبان کے قبضے کی خبروں کو مسترد کردیا۔وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری کا کہنا ہے کہ ہم ضلع سنگین دشمن کے قبضے میں جانے کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔ضلع طالبان کے قبضے میں گیا ہے نہ ہی ہم اسے جانے دیں گے ۔افغان سیکورٹی فورسز کا ضلع پر مکمل کنٹرول ہے ۔ا س سے قبل میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھاکہ ضلع سنگین پر طالبان نے قبضہ کرلیاہے۔دوسری جانب مغربی صوبہ ہرات میں سیکورٹی فورسز نے گروپ کمانڈر سمیت 6طالبان جنگجوؤں کو گرفتارکرلیا۔حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کو ضلع ایجی کے علاقے سے گرفتار کیا گیا جن میں طالبان کمانڈر سیف اللہ اسکے ساتھی مشفق،وحیداللہ،غلام محمد،بہارالدین اور سید عیسی شامل ہیں۔