خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا، ری پبلکن صدارتی امیدوار ٹرمپ کے خلاف مظاہرے، 20 افراد گرفتار

کیلیفورنیا (آئی این پی )امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی کے خلاف سیکڑوں افراد نے مظاہرہ کیاجبکہ ٹرمپ مخالفین اور حامیوں میں جھڑپوں کے دوران پولیس نے 20 افراد کو گرفتار کرلیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاست کیلیفورنیا کی اورنج کانٹی میں ری پبلکن پارٹی کے امریکی صدارتی امیدوار کی نامزدگی کیلئے مختلف امیدواروں کی مہم جاری ہے۔ اورنج کانٹی میں ریلی سے جان کاسچ اور ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب کیا۔ٹرمپ نے اقتدار میں آنے کے بعد اپنی پالیسی بیان کرتے ہوئے تارکین وطن، مسلمان اور دیگر اشوز پر تقریر کی۔تقریر کے خلاف سیکڑوں افراد گلیوں میں جمع ہوگئے اور ٹرمپ کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق مظاہرے کے بعد ٹرمپ حامیوں نے ایک مخالف کو پکڑا اور اس پر تشدد کیا۔ تشدد کے بعد ٹرمپ مخالفین اور حامیوں میں جھڑپیں شروع ہوگئیں۔جھڑپوں کے دوران مظاہرین نے ٹرمپ کے حق اور مخالفت میں نعرے بھی لگائے، جبکہ پولیس گاڑی کی شیشے بھی توڑ دئے گئے۔