خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا اورروس شام میں جنگ بندی پراتفاق کےقریب پہنچ گئے:جان کیری

جنیوا : (اے پی پی) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے جنیوا میں اپنے روسی ہم منصب سیرگئی لافروف سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ شام میں صدر بشار الاسد جنگ زدہ علاقے حلب میں فوجی کارروائی جاری رکھنے پر مْصر ہیں۔ تاہم واشنگٹن نے ماسکو کے ساتھ مل کر جنگ بندی کا بنیادی فارمولہ طے کیا ہے جس کے چند نکات پر اتفاق رائے ابھی باقی ہے۔جان کیری اور لافروف کے درمیان دس گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے میڈیا کو بتایا کہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور انھیں شام میں جنگ بندی پر آگے بڑھنے کے راستے کا واضح اندازہ ہو گیا ہے لیکن اب بھی چند تفصیلات پر کام کرنا باقی ہے۔ روسی ہم منصب کے ہمراہ جنیوا میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جان کیری نے کہا کہ بشارالاسد حلب میں طاقت کے استعمال اور فوجی کارروائی جاری رکھنے پر قائم ہیں تاہم روس اور امریکا جنگ زدہ علاقے میں جنگ بندی کے ایک ابتدائی فارمولے کی تیاری پر متفق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام میں جنگ بندی کی بحالی اور امدادی سامان کی زیادہ بہتر رسائی کے اقدام پر زیادہ تر تکنیکی بات چیت مکمل ہو چکی ہے۔اس موقع پر روسی وزیرخارجہ سیرگئی لافروف نے بھی اس بات کی تصدیق کہ کہ امریکا اور روس دونوں حلب میں جنگ بندی کے روڈ میپ کے قریب پہنچ گئے ہیں تاہم ابھی معاہدے کو حتمی شکل دینا باقی ہے۔ کیونکہ تمام مسائل حل نہیں ہوئیں۔امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے شام کے لیے امن مندوب سٹافن دی مستورا شام کے متحارب فریقین کو لڑائی روکنے، بات چیت شروع کرنے اور سیاسی انتقال اقتدار پر قائل کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔