خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا نےبھارت کونیوکلیئرسپلائرزگروپ میں شامل کرنےکی پھرکوششیں تیزکردیں

نیویارک (آئی این پی ) امریکا نے بھارت کو نیوکلیئر سپلائرز گروپ (این ایس جی) میں شامل کرنے کے لیے ایک بار پھر اپنی کوششیں تیز کردیں،این ایس جی گروپ کا آئندہ اجلاس اکتوبر میں ہونے جا رہا ہے جس میں 48 رکن ممالک کے اسپیشل سیشن میں نئے ملک کو جوہری کلب کی رکنیت دینے کا معاملہ زیر بحث آنے کی توقع ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا نے بھارت کو نیوکلیئر سپلائرز گروپ (این ایس جی) میں شامل کرنے کے لیے ایک بار پھر اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ جون میں ہونے والے سیؤل این ایس جی اجلاس میں امریکا سمیت مغربی ممالک کی بھرپور حمایت کے باوجودبھارت کی جوہری کلب میں شمولیت کے معاملے پر متفقہ فیصلہ نہ ہوسکا تھا۔امریکا، بھارت کی این ایس جی گروپ میں شمولیت کا سب سے بڑا حامی ہے اوربھارت کو جوہری کلب کی رکنیت دلانے میں پرعزم ہے۔امریکا میں صدارتی الیکشن نومبر میں ہورہا ہے اور اوباما انتظامیہ انتخابات سے قبل بھارت سے کیا گیا وعدہ پورا کرنا چاہتی ہے۔دوسری جانب چین جوہری عدم پھیلا یعنی این پی ٹی معاہدے پر دستخط کرنے والے ممالک کو این ایس جی کی رکنیت دینے کے حق میں ہے اور این پی ٹی معاہدے پر دستخط نہ کرنے والے ملک بھارت کا سخت مخالف ہے۔چین کا موقف تھا کہ بھارت نے جوہری عدم پھیلا ؤ کے معاہدے (این پی ٹی) پر دستخط نہیں کیے، اس لیے اسے این ایس جی کی رکنیت نہیں مل سکتی، کیونکہ رکنیت کے لیے یہ ایک بنیادی شرط ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اوربھارت نے این ایس جی رکنیت کے لیے درخواست دی تھی تاہم ان دونوں ممالک نے اب تک جوہری عدم پھیلا کے معاہدے(این پی ٹی) پر دستخط نہیں کیے جبکہ امریکا، بھارت کو این پی ٹی سے مستثنی قرار دے کر این ایس جی میں شامل کرنا چاہتا ہے۔