خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا کا افغانستان میں القاعدہ کے سینئر کمانڈروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

کابل ۔ 27 اکتوبر (ملت + اے پی پی) امریکا نے افغانستان میں القاعدہ کے سینئر کمانڈروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیاہے۔امریکی میڈیا کے مطابق محکمہ دفاع کے پریس سیکرٹری پیٹر کک نے بتایا کہ جاسوس طیارے نے رواں ہفتے مشرقی افغانستان کے صوبہ کنڑ میں ہدف پرمبنی ایک کارروائی کی جس میں افغانستان میں القاعد کے سینئر رہنماوں کونشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہاکہ ہماری اطلاعات کے مطابق ان حملوں میں فرقان القطانی اوربلال الطبی کو نشانہ بنایا گیاہے ۔القطانی شمال مشرقی افغانستان میں القاعدہ کے امیر تھے اوران کی ہلاکت تنظیم کیلئے ایک بڑا دھچکا ہوگا۔ترجمان نے کہاکہ القطانی امریکی فوج اورمفادات پر حملوں کے منصوبہ ساز رہ چکے ہیں۔ ترجمان نے ان حملوں میں دونوں رہنماؤں کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی تاہم بتایا کہ ہماری مصدقہ اطلاعات یہ بتاتی ہیں کہ حملے میں دونوں ہلاک ہوچکے ہیں۔