خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا کے صدر براک اوباما نے افریقی ملکوں کو بجلی کی فراہمی کی منظوری دے دی

واشنگٹن ۔ (اے پی پی) امریکا کے صدر براک اوباما نے صحرائے صحارا کے افریقی ملکوں کو بجلی کی فراہمی کے قانون کی منظوری دے دی۔ذرائع ابلاغ کے مطابق ’’الیکٹریفائی افریقہ‘‘ نامی یہ قانون ایوان نمائندگان اور سینٹ سے متفقہ طور پر منظور ہوا جس کے تحت نجی شعبے کے تعاون سے صحرائے صحارا کے افریقی ملکوں کی پچاس ملین (پانچ کروڑ) سے زیادہ آبادی کو پہلی بار بجلی تک رسائی دی جائے گی۔عملی طور پر اس منصوبے کیلئے کوئی فنڈ رکھنے کی کوئی اطلاع نہیں ، اس کے بجائے 2020 ء تک براعظم کے گرڈ تک بجلی کی ترسیل کیلئے قرضوں پر ضمانت کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔اس قانون کے حامیوں کا کہنا ہے کہ بجلی تک عدم رسائی افریقہ کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے، اس کی ترسیل سے خطے میں اقتصادی ترقی، تعلیم تک رسائی اور صحت عامہ کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ پارلیمنٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین ایڈ روئس نے کہا کہ بجلی کی ترسیل سے علاقے میں سر شام بند ہوجانے والے چھوٹے کاروبار کو فروغ اور طلبہ کو دیر تک پڑھنے میں مدد ملے گی جو اندھیرے کے باعث ایسا کرنے سے قاصر ہیں۔انھوں نے کہا کہ خطے میں بہت زیادہ خاندان چار کول اور دیگر مضر صحت ایندھن استعمال کرتے ہیں جن کے دھوئیں سے ہونے والی اموات کی تعداد ایڈز اور ملیریا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد سے بھی زیادہ ہے۔