خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکہ نےہرمشکل میں ہماری مشکلات میں اضافہ کیا:سراج الحق

اسلام آباد:(اے پی پی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکہ نے ہر مشکل وقت میں ہماری مشکلات میں اضافہ کیا، امریکا کے ساتھ تعلقات بارے مشیر خارجہ کا بیان درست ہے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا شروع دن سے یہ موقف رہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ دوستی اوردشمنی دونوں خطرناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا امریکا کے بارے میں بیان درست ہے، اس بیان کی روشنی میں ہمیں آزاد خارجہ پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو خطہ کا تھانیدار بنانے کی کوشش کی گئی تواس سے پورا خطہ متاثر ہوگا، بھارت ایسا ملک ہے جس نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات خوشگوار نہیں رکھے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈرون حملہ پاکستان کی خودمختاری کے خلاف ہے یہ پہلا حملہ نہیں ماضی میں ایسے سینکڑوں حملے ہوئے لیکن پاکستان نے احتجاج کے سوا کچھ نہیں کیا اب وقت ہے کہ ملک کے مفاد کو بالادست رکھتے ہوئے امریکہ سمیت پوری دنیا کے لئے خارجہ پالیسی تشکیل دی جائے اوراسے پوری دنیا کے سامنے رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ہرمشکل وقت میں ہماری مشکلات میں اضافہ ہی کیا ہے۔