خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکی سینیٹر ٹیڈ کروز کا ڈونالڈ ٹرمپ کی حمایت کا اعلان

واشنگٹن:(ملت+ اے پی پی) امریکی سینیٹر ٹیڈ کروز نے ری پبلیکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ واحد امیدوار ہیں جو 8 نومبر کو وائٹ ہاؤس کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کی امیداور ہیلری کلنٹن کی راہ روک سکتے ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق ایک بیان میں ری پبلیکن پارٹی کے سابق صدارتی امیدوار نے کہا ہے کہ ہمارا ملک بحران میں گھرا ہوا ہے۔ ہیلری کلنٹن صدر بننے کے قابل نہیں اور اْن کی پالیسیاں لاکھوں امریکیوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ اور ڈونالڈ ٹرمپ ہی واحد شخص ہیں جو اْن کی راہ روکے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر آپ ہیلری کلنٹن کو صدر نہیں دیکھنا چاہتے تو وہ آپ کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ ٹرمپ کو ووٹ دیں۔ٹیڈکروز ری پبلیکن پارٹی کی جانب سے صدارتی نامزدگی کے دوڑ سے الگ ہونے والے آخری مد مقابل امیدوار تھے۔ انہوں نے جولائی میں کلیولینڈ میں منعقدہ ری پبلیکن نیشنل کنوینشن میں ٹرمپ کی حمایت سے انکار کیا تھا۔