خبرنامہ انٹرنیشنل

انسانی حقوق کی ہائی کمشنر کے بیان پر امریکی مندوب کی برہمی

نیویارک ۔14 ستمبر(ملت+اے پی پی) اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی نے واشنگٹن اور تل ابیب کے خلاف انسانی حقوق کمشنر کے موقف پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں نکی ہیلی نے انسانی حقوق کی ہائی کشمنر میشل بیشلٹ کے بیان کو جانبدارانہ قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر کے بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے امریکی مندوب نے دعوی کیا کہ میشل بیشلیٹ بھی اپنے پیشروؤں کی طرح امریکا اور اسرائیل مخالف پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔نکی ہیلی نے کہا کہ امریکا نے اسی وجہ سے جون 2018 ء میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے علیحدگی اختیار کر لی تھی مگر یہ سلسلہ بند نہیں ہوا۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی ہائی کمشنر میشل بیشلیٹ نے عالمی عہدہ سنبھالنے کے بعد جاری کیے جانے والے اپنے پہلے بیان میں امریکا کی امیگریشن پالیسیوں اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی حکومت کے مجرمانہ اقدامات کو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔