خبرنامہ انٹرنیشنل

دہشگردوں سے تعلق کے الزام میں کویت سے 15 ایرانی سفارتکار بے دخل

کویت سٹی(ملت آن لائن)خلیجی ملک کویت نے دہشت گردوں سے تعلق کے الزام میں 15 ایرانی سفارتکاروں کو بے دخل کرتے ہوئے ایرانی فوجی و ثقافتی مشنز کو بھی بند کردیا۔

کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کویت کی حکومت نے پندرہ ایرانی سفارتکاروں کو بے دخل کرتے ہوئے ایرانی فوجی، ثقافتی اور تجارتی مشنز کو بھی بند کرنے کا حکم دے دیا۔ کویت حکام کے مطابق کہ ملک میں دہشت گردوں کے گروہ کو گرفتار کیا گیا جس کا ایرانی سفارتکاروں سے تعلق ثابت ہوا۔

کویت کے قائم مقام وزیر اطلاعات شیخ محمد المبارک نے کہا کہ عدالت کی جانب سے دہشت گرد گروہ کو سزا سنائے جانے کے بعد ایرانی سفارت کاروں کی ملک بدری کا فیصلہ کیا گیا۔ کویت کی سیکیورٹی فورسز نے 2015 میں ایران اور لبنانی مسلح تنظیم حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد سیل کا سراغ لگایا تھا اور ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے پچھلے ماہ گروہ کے سرغنہ کو کویت میں حملوں کی سازش کرنے کے الزام میں عمر قید اور دیگر 20 کارندوں کو جیل کی مختلف سزائیں سنائی تھیں۔ مجرموں میں ایک ایرانی جب کہ باقی مقامی شہری تھے۔