خبرنامہ انٹرنیشنل

ایپل کا باحجاب خاتون کا ایموجی متعارف کرانے کا اعلان

واشنگٹن(ملت آن لائن)پیغام رسانی کے دوران جذبات اور احساسات کی عکاسی کے لیے استعمال ہونے والے ’’ایموجیز‘‘ کے عالمی دن کے موقع پر امریکی کمپنی ایپل نے باحجاب خواتین کی نمائندگی کے لیے نیا ایموجی متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایپل نے اعلان کیا ہے کہ وہ متعدد نئے ایموجیز پر کام کررہا ہے جن میں ایک باحجاب خاتون، داڑھی والے شخص، یوگا کے ایموجیز شامل ہیں۔ کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ نئے ایموجیز رواں برس کے آخر تک ایپل کے صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ باحجاب خاتون کے ایموجی کا خیال 16 سالہ سعودی لڑکی رؤف الحمیدی نے ایموجیز بنانے والی غیر منافع بخش تنظیم یونی کوڈ کنسورشیم کو پیش کیا تھا جس نے یہ آئیڈیا ایپل کے ساتھ شیئر کیا اور ایپل نے اسے اپنے سسٹم میں شامل کرنے کی حامی بھری۔

رؤف الحمیدی نے اپنی تجویز منظور ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایپل کی مشکور ہیں جس نے اپنی ڈیوائسز میں یہ ایموجی شامل کرنے کی حامی بھری۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایموجی کا خیال ان کے ذہن میں اس لیے آیا کیوں کہ وہ میسجز میں اپنی طرح دکھنے والے ایموجی کا اضافہ چاہتی تھیں۔

ٹوئیٹر پر حجابی ایموجی کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد دیگر افراد نے بھی ایپل اور ٹم کُک سے اپنی پسند کے ایموجیز تیار کرنے کا مطالبہ شروع کردیا ہے۔