خبرنامہ انٹرنیشنل

برما میں پاکستانی سفیر کی برما کے دفترخارجہ میں طلبی

برما میں پاکستانی سفیر کی برما کے دفترخارجہ میں طلبی

ینگون(ملت آن لائن)پاکستان کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے حق میں آواز اٹھانے پر برما نے پاکستانی سفیر کو طلب کرلیا ہے۔

سفارتی ذرائع نے بتایا کہ روہنگیا مسلمانوں سے متعلق پاکستان کے بیان پر برما نے پاکستانی سفیر ڈاکٹر خالد میمن سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں پاکستان نے بھی برما کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر احتجاج ریکارڈ کرایا تھا اور مظالم روکنے کے لیے موثر اقدامات کا مطالبہ کیا تھا۔

میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے اور گزشتہ چند ماہ کے دوران خواتین اور بچوں سمیت سیکڑوں افراد مارے جاچکے ہیں جبکہ لاکھوں بنگلہ دیش نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔

دنیا بھر میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف غم وغصہ بڑھ رہا ہے اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سے قبل مسلم ملک مالدیپ نے بھی روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف احتجاجاً میانمار سے تجارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جب کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینٹونیو گٹرس نے میانمار کو خبردار کیا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ کئے جانے والے سلوک کا سلسلہ جاری رہا تو پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہوجائے گا۔