خبرنامہ انٹرنیشنل

بنگلہ دیشی وزیراعظم بھی زہر اگلنے لگیں، پاکستان کو شکست خوردہ قرار دیدیا

پاکستان ایک شکست خوردہ قوت ہے جسے ہم نے اپنی جنگ آزادی (1971میں ) شکست دی ،ایک شکست خوردہ قوت سے ہمیں بہت کم فرق پڑتا ہے، 1971کے جنگی جرائم کے مجرموں کو دی گئی پھانسیوں پر پاکستان کے احتجاج نے بنگلہ دیش کے سارک سربراہی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کی حوصلہ افزائی کی
شیخ حسینہ واجد کی اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچنے پر پریس کانفرنس
ڈھاکہ (آئی این پی)بھارت نواز بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجدبھی پاکستان کے خلاف زہر اگلنے لگیں ،شیخ حسینہ واجد نے پاکستان کو ایک شکست خوردہ قوت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 1971کے جنگی جرائم کے مجرموں کو دی گئی حالیہ پھانسیوں پر پاکستان کے احتجاج نے بنگلہ دیش کے سارک سربراہی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ایک شکست خوردہ قوت ہے ،ہم نے اپنی جنگ آزادی (1971میں ) اس کو شکست دی اورایک شکست خوردہ قوت سے ہمیں بہت کم فرق پڑتا ہے ۔پاکستان کا نقطہ نظر ایک شکست خوردہ پارٹی کے سوا کچھ بھی نہیں ہے ۔بنگلہ دیشی وزیراعظم کا کہنا تھاکہ جب سفارتی تعلقات بحال ہوجائیں گے ہم پاکستان کا سفارتی سطح پر سامنا کریں گے ۔پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے حسینہ واجد کا کہنا تھاکہ اسصورتحال نے ہمیں پریشان کیا ہے ہم کسی بھی طرح کی کشیدگی اور جنگ جیسی صورتحال نہیں چاہتے کیونکہ اس صورت میں ہم بھی متاثر ہونگے اور خطے میں ہماری ترقی بری طرح متاثر ہوگی ۔امید ہے کہ پاکستان اور بھارت دوطرفہ مذاکرات کے ذریعے اپنے مسائل کو حل کریں گے ۔واضح رہے کہ بھارت کے دباؤ میں آکر بنگلہ دیش نے اسلام آبادمیں ہونے والی سارک سربراہی کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔