خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارتی پائلٹوں، میں دواؤں کا استعمال بڑھنے کا انکشاف

نئی دہلی: (اے پی پی) بھارتی فضائیہ کے پائلٹس میں لمبے عرصے تک چاق و چوبند رہنے اور جنگی مشقوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلیے ’’دواؤں‘‘ کا استعمال کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ بھارتی اخبار ’’ٹائمز آف انڈیا ‘‘کی رپورٹ کے مطابق ’’موڈافنل ‘‘ اور ’’زولپیڈم‘‘ نامی دوائیں بھارتی فضائیہ کے پائلٹس میں عرفیت کے طور پر بالترتیب ’’گو‘‘ اور ’’نو گو‘‘ کہلاتی ہیں، پہلی دوا جوش بڑھانے اور لمبے عرصے تک چاق و چوبند رہنے جبکہ دوسری پھر سکون حاصل کرنے اور اچھی نیند کیلیے استعمال کی جاتی ہے۔ یہ دوائیں بھارتی فضائیہ کے پائلٹس خاص طور پر فوجی مشق ’’ایکسر سائز لائیووائر‘‘ کیلیے استعمال کرتے ہیں جو بھارتی فضائیہ کی 54 ایئربیسز پر ہر سال 31 اکتوبر سے 8 نومبر تک منعقد کی جاتی ہیں، بھارتی فضائیہ کے سینئر افسر کا کہنا تھا کہ یہ مشقیں زیادہ دنوں تک جاری رہتی ہیں، اس لیے اس میں زیادہ جوش اور چاق و چوبند رہنے کی ضرورت ہوتی ہے، رپورٹ کے مطابق اگرچہ پائلٹس کی جانب سے ان ڈرگز کا استعمال تشویش ناک بات ہے لیکن بھارتی فضائیہ میں ان دواؤں کے استعمال کو ضروری سمجھا جاتا ہے۔