خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت ، نجی ہسپتال میں آگ، 23افراد ہلاک ، 100زخمی ،مودی کا اظہار افسوس

بھوبھنیشور(ملت + آئی این پی)بھارتی ریاست اڑیسہ کے شہر بھوبھنیشور کے نجی ہسپتال میں آگ لگنے سے 23افراد ہلاک اور 100زخمی ہوگئے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اڑیسہ کے شہر بھوبھنیشورکے نجی اسپتال کے آئی سی یو میں آگ بڑھک اٹھی ۔حکا م کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 23 ہوگئی ہے جبکہ 100افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور ابتدائی معلومات کے مطابق شارٹ سرکٹ آگ لگنے کی وجہ بناہے ۔ابھی سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے، اسپتال کی عمارت کو خالی کرالیا گیا ہے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمیوں کو دوسرے اسپتال پہنچایا جا رہا ہے۔ریاستی وزیر اعلی ناوین پاٹنیک نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیدیا۔بھارتی وزیراعظم نے آتشزدگی کے واقعے پر اظہار افسوس کیا ہے ۔