خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت میں ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کے خلاف بھارت بند مہم کے آغاز کا فیصلہ

نئی دہلی ۔ (ملت+اے پی پی) بھارت میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف کانگرس کی قیادت میں مختلف اپوزیشن جماعتیں 10 سمبر کو ’بھارت بند‘ کا اہتمام کریں گی اور مرکزی حکومت پر تیل کی آسمان چھوتی قیمتوں کو کم کرنے کے لئے دباوڈالیں گی۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کانگریس کے جنرل سیکرٹری اشوک گہلوت ، لوک سبھا میں پارٹی کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے ، پارٹی کے سینئر لیڈر احمد پٹیل اور موتی لال ووہرہ اور پارٹی محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہاکہ اس بارے میں مختلف سیاسی جماعتوں سے بات چیت ہوگئی ہے۔ اس میں سماج وادی پارٹی ، بائیں پارٹیاں، راشٹریہ جنتادل، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی سمیت کئی جماعتیں حصہ لیں گی۔ ترنمول کانگریس تحریک چلائے گی لیکن بند میں حصہ نہیں لے گی جبکہ بہوجن سماج پارٹی سے اب تک بات چیت نہیں ہوئی ہے۔گہلوت نے کہاکہ اس بارے میں حکمت عملی بنانے کے لئے آج یہاں پارٹی کے جنرل سیکریٹریوں اور ریاستی صدور کی میٹنگ ہوئی۔ اسی دوران اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں سے ان کے موقف کے بارے میں بات چیت کی گئی اور انہوں نے بھارت بند میں شامل ہونے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔