خبرنامہ انٹرنیشنل

بیٹےکوہم جنس پرست انتہائی ناگوارگزرتےتھے: والدعمرمتین

فلوریڈا:(اے پی پی) آرلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب پر فائرنگ کرنے والے عمر متین کے والد کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کو ہم جنس پرستوں کی غیراخلاقی حرکت انتہائی ناگوار گزرتی تھی۔ ریاست فلوریڈا کے شہر آرلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے لئے مخصوص نائٹ کلب میں فائرنگ کرنے والے افغان نژاد امریکی شہری عمر متین کے والد صدیق متین کا میڈیا سے بات کرتے کہنا تھا کہ اس افسوس ناک واقعے پر معذرت خواہ ہوں لیکن اس کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں جب کہ میں خود بھی نہیں جانتا تھا کہ عمر اس طرح کی کارروائی کرنے جارہاہے تاہم اس وقت پوری امریکی قوم کی طرح وہ بھی صدمے سے دوچار ہیں۔ صدیق متین نے بتایا کہ کچھ دن پہلے ان کا بیٹا عمر اس وقت شدید غصے میں آگیا تھا جب اس نے میامی میں ہم جنس پرستوں کو بوس و کنار کرتے ہوئے دیکھاتو اس کو یہ حرکت انتہائی ناگوار گزری ۔ ریاست فلوریڈا کے شہر آرلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے لئے مخصوص نائٹ کلب میں عمر متین کی فائرنگ کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک اور 53 زخمی ہوگئے جب کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں عمر متین بھی مارا گیا۔