خبرنامہ انٹرنیشنل

ترکی میں بغاوت کی کوشش کی حمایت کےالزامات بےبنیاد ہیں، پینٹاگان

واشنگٹن (آئی این پی)امریکی وزارت دفاع پینٹاگان نے رجب طیب اردگان کے امریکی فو ج کی جانب سے ترکی میں بغاوت کی کوشش کی حمایت کے بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی میں بغاوت کی کوشش کی حمایت کے الزامات بے بنیاد ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پینٹاگان کی طرف سے ترک صدر رجب طیب اردوان کے اس بیان کی سختی سے تردید کی گئی ہے جس میں یہ الزام لگایا گیا امریکی فوج ترکی میں حالیہ ناکام فوجی بغاوت ملوث افراد کی حامی تھی۔واضح رہے کہ امریکہ کی سینٹرل کمان کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل نے ایک بیان میں ان خدشات کا اظہار کیا تھا کہ ترکی میں فوجی بغاوت کے بعد کی کارروائیوں کے طویل المدت اثرات کے تحت امریکہ اور ترکی کے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔جس پر رجب طیب اردوان کی طرف سے یہ الزام بھی لگایا گیا کہ جنرل جوزف ووٹل ترکی میں بغاوت کی منصوبہ بندی کرنے والوں کے حامی ہیں۔جنرل جوزف ووٹل سنٹرل کمانڈ کے سربراہ کے طور پر مشرق وسطی میں امریکی آپریشنز کے نگران ہیں انھوں نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ ترکی میں بغاوت میں کردار سے متعلق کوئی بھی خبر مکمل طور پر بے بنیاد ہے۔انھوں نے کہا کہ ترکی خطے میں امریکہ کا ایک اہم شراکت دار رہا ہے۔جنرل جوزف ووٹل نے کہا ہے کہ ہم ترکی کے جاری تعاون کو سراہتے ہیں اور انھوں نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ داعش کے خلاف جنگ میں ترکی سے تعاون جاری رہے گا۔امریکہ کے وزیر خارجہ ایش کارٹر نے گزشتہ ہفتے اپنے ترک ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا، جس میں انھوں نے داعش کے خلاف ترکی کی طرف سے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔