خبرنامہ انٹرنیشنل

جاپان،توماری ایٹمی بجلی گھر محفوظ

ٹوکیو۔ (ملت+اے پی پی)جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ شدید سمندری طوفان اور زلزلے کے بعد بجلی کی فراہمی بند ہونے کے باوجود جوہری بجلی گھر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جاپان میں2011ء میں شدید زلزلے اور تسونامی کے بعد کسی جوہری بجلی گھر کو باہر سے فراہم کی جانے والی بجلی کی بندش کا یہ پہلا واقعہ ہے۔فوکوشیما ایٹمی حادثے کے بعد توماری بجلی گھر کے تین ری ایکٹر سنہ 2012 سے بند ہیں۔ بجلی گھر کی 15 سو سے زائد فیول راڈز سٹوریج پولز میں رکھی گئی ہیں۔جمعرا ت کے روز زلزلے میں بجلی بند ہونے پر ڈیزل سے چلنے والے چھ ہنگامی جنریٹروں نیخود کار طریقے سے کام کرنا شروع کر دیا تھا تاکہ ایندھن کو ٹھنڈا رکھا جا سکے۔جاپان کے ایٹمی بجلی گھروں سے متعلق حکام کے مطابق بجلی گھر کی منتظم کمپنی کا کہنا ہے کہ جنریٹرز کی مدد سے توماری بجلی گھر کو کم سے کم ایک ہفتے تک چلایا جاسکتا ہے۔ حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ جنریٹرز کو ایندھن کی فراہمی جاری رکھی جا سکتی ہے۔حکام کے مطابق ری ایکٹرز کو بیرونی ذرائع سے بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے۔