خبرنامہ انٹرنیشنل

جرمنی کوصنفی مساوات کےحصول کےلئےابھی بہت آگےجانا ہے،انجیلامرکل

برلن ۔(ملت آن لائن) جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہا ہے کہ جرمنی میں صنفی مساوات کے حصول تک ابھی بہت جد وجہد کی ضرورت ہے۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق انجیلا مرکل نے یہ بات ملک میں خواتین کو ووٹ کا حق ملنے کے 100 برس مکمل ہونے کے موقع پر ایک تقریب میں کہی۔ جرمن دارالحکومت برلن میں منعقدہ اس تقریب میں چانسلر نے کہا کہ اب مقصد یہ ہے کہ صنفی مساوات ہو اور دکھائی بھی دے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مساوات سیاست، سائنس، کاروبار اور ثقافت سمیت تمام شعبوں میں ضروری ہے۔ انجیلا مرکل نے مزید کہا کہ گھر کی ذمہ داری میں بھی مرد اور عورت کو برابری برقرار رکھنا ہوگی اور اس کے لئے شاید مزید ایک سو برس درکار ہوں گے۔