خبرنامہ انٹرنیشنل

جنگوں کے شکارممالک میں خواتین کا تحفظ یقینی بنایا جائے ،چین

نیویارک (ملت + آئی این پی )ا قوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب وو ہائی تھاو نے کہا ہے کہعالمی برادری جنگوں کے شکار ملکوں میں قیام امن کے عمل کے لیے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دئے ، جنگوں اور تصادم میں خواتین کے تحفظ کو مضبوط بنائے ،بدھ کو چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق خواتین، امن اور سلامتی کے موضوع پر سلامتی کونسل کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وو ہائی تھاو نے کہا کہ عالمی برادری کو قریبی تعاون کرکے جنگوں اور تصادم میں خواتین کے مفادات کی حفاظت کو زیادہ مضبوط بنانا چاہیے۔ جنگوں کے شکار ملکوں میں قیام امن کے عمل کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔اس عمل میں ملک کے سیاسی امور میں خواتین کی شمولیت کے حقوق کا اچھی طرح تحفظ کیا جاناچاہیے اور ملک کی تعمیر نو کے سلسلے میں خواتین اور خواتین کی تنظیموں کی قوتوں کو کلی طور پر بروئے کار لایا جانا چاہیے۔چینی نمائندے نے مزید کہا کہ چینی حکومت عالمی برادری کے ساتھ ملکر خواتین کے حقوق کے تحفظ اور متعلقہ امور سے متعلق عالمی ادارے کے مرتب کردہ اہداف کی تکمیل کے لئے پوری کوشش کرتی رہے گی اور خواتین کی ترقی کے نصب العین کیلئے اپنی خدمات سرانجام دیتی رہے گی۔