خبرنامہ انٹرنیشنل

داعش کی قیادت الرقہ سے فرار ہوناشروع ہو گئی ہے، امریکا

واشنگٹن (ملت + اے پی پی) امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے دعویٰ کیا ہے کہ شدت پسند گروپ داعش کی قیادت شام میں تنظیم کے گڑھ الرقہ سے فرار ہونا شروع ہو گئی ہے۔العریبہ ٹی وی کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان جیمز ڈیوز نے ایک بیان میں بتایا کہ الرقہ عالمی اتحادی فوج کی حمایت یافتہ سیرین ڈیموکریٹک فورسز کی الرقہ کی سمت پیش قدمی کے بعد داعش کی قیادت شہر چھوڑنے لگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے داعش کے سرکردہ رہ نماؤں کی بڑی تعداد کو شہر سے فرار ہوتے دیکھا ہے۔انہوں نے کہا کہا کہ داعش کے جنگجوؤں کو اندازہ ہو گیا ہے کہ ان کا انجام اب بہت قریب آ گیا ہے، اس لیے وہ اپنی جانیں بچانے کے لیے بھاگ رہے ہیں۔پینٹاگان کا کہنا ہے کہ الرقہ میں داعش کے خلاف جاری آپریشن اپنی کامیابی کے قریب ہے اور ان کے فرار کے سوا اور کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔