خبرنامہ انٹرنیشنل

دونوں بازوؤں سے محروم چینی نوجوان نے فن خطاطی پر عبور حاصل کرلیا

بیجنگ ۔ 26 اکتوبر (اے پی پی) بچپن میں ایک حادثے کے نتیجہ میں دونوں بازوؤں سے محروم ہونے والے چینی نوجوان نے فن خطاطی پر عبور حاصل کرلیا۔ چینی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق 35 سالہ شی ژیاؤ ہوا اپنے خطاطی کے نمونوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدن میں سے 30لاکھ یوان (4کروڑ 63 لاکھ روپے )گزشتہ 8 سال کے دوران معذور افراد کی دیکھ بھال کرنے والے خیراتی اداروں کو عطیہ کرچکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق چین کے مشرقی صوبہ جیانگ سو سے تعلق رکھنے والے شی ژیاؤ ہوا کو 6 سال کی عمر میں بجلی کا کرنٹ لگا جس کے نتیجہ میں وہ دونوں بازوؤں سے محروم ہوگئے لیکن انہوں نے ہمت نہ ہاری بلکہ اپنے پاؤں اور منہ کی مدد سے خود کو کھانا کھانے ‘ دانتوں کو برش کرنے اور کپڑے بدلنے کے قابل بنا لیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنے منہ میں برش پکڑ کر خطاطی کرنے میں بھی مہارت حاصل کرلی اور ان کے خطاطی کے نمونے اچھے داموں بکنے لگے۔ اس ہنر سے ہونے والی آمدن سے وہ گزشتہ 8 سال کے دوران 30لاکھ یوآن کی رقم معذور اور غریب افراد کی دیکھ بھال کرنے والے خیراتی اداروں کو عطیہ کرچکے ہیں۔