خبرنامہ انٹرنیشنل

دھماکے میں کردستان ورکرزپارٹی (پی کے کے ) ملوث، ترک وزیراعظم

انقرہ(آئی این پی)ترکی کے جنوب مشرقی شہر جزیرہ میں پولیس ہیڈکوارٹر پر خودکش ٹرک بم دھماکے میں 11اہلکار ہلاک اور 78زخمی ہوگئے ، ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے ) کو دھماکے کا ذمہ دار قرار دیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکی کے جنوب مشرقی شہر جزیرہ میں انسداد ہنگامہ آرائی کی پولیس کے ہیڈ کوارٹر کے باہر بارود سے برے ٹرک کو اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں 11اہلکار ہلاک اور 78زخمی ہوگئے جبکہ عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ۔ دھماکہ گرینچ کے معیاری وقت کے مطابق جمعے کی صبح چار بجے ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ہیڈ کوارٹر کے باہر چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں عمارت تباہ ہوئی۔ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے ) کو دھماکے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔استنبول میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترک وزیراعظم نے کہاکہ ترکی نے تمام دہشتگرد گروپوں کے خلاف جنگ شروع کردی ہے ۔ادھر اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان الزامات کی تفتیش کا مطالبہ کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ترکی کی حکومت نے جزیرہ کی ایک عمارت کی بیسمنٹ میں پناہ لیے ہوئے 100 افراد کو زندہ جلا دیا۔ابھی یہ معلوم نہیں ہوا کہ یہ حملہ کس نے کیا ہے تاہم ترکی کے میڈیا نے اس کا الزام کردستان ورکرز پارٹی پر عائد کیا ہے۔گذشتہ کئی ماہ سے جزیرہ میں کئی بار کرفیو نافذ کیا جا چکا ہے جہاں حکومت پی کے کے کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے۔پی کے کے کی جانب سے متعدد حملے کیے گئے ہیں جن میں سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔یاد رہے کہ جولائی 2015 میں حکومت اور پی کے کے کے درمیان دو سالہ جنگ بندی ختم ہو گئی تھی۔ اس کے بعد سے ترکی کے جنوب مشرق میں بدترین تشدد دیکھا گیا ہے۔