خبرنامہ انٹرنیشنل

رشوت لینے پر امریکی بحریہ کے اعلی افسر کو ساڑھے 6سال قید کی سزا

نیویارک(آئی این پی )امریکی بحریہ کے ایک اعلی افسر کو 3ارب روپے رشوت کے اسکینڈل میں ملوث ہونے پر ساڑھے 6سال قید کی سزا سنا دی گئی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یو ایس نیوی کے کمانڈر مائیکل میسی وچ پر 3کروڑ ڈالر رشوت اسکینڈل میں الزام تھا کہ اس نے رشوت اور دیگر پرتعیش مراعات کے عوض ایک دفاعی کنٹریکٹر کمپنی کو بحرالکاہل میں تعینات امریکی بحری جہازوں کی نقل و حرکت اور نیوی کے بیلسٹک دفاعی آپریشنز کے بارے میں معلومات فراہم کی تھیں۔یو ایس نیوی میں کمانڈر کے عہدے پر تعینات مائیکل میسی وچ نے عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے جس پر عدالت نے اسے ساڑھے 6سال قید کا حکم سنایا جبکہ ایک لاکھ ڈالر جرمانہ اور فراڈ سے لی گئی رقم میں سے مزید 95ہزار ڈالر ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔مقدمے میں کل 110افراد کو نامزد کیا گیا تھا جن میں سے 9نے اپنے جرم کا اقرار کیا ہے۔