خبرنامہ انٹرنیشنل

روس سائبرحملوں کےذریعےہیلری کلنٹن کیخلاف سازش کررہا ہے: امریکا

نیویارک: (اے پی پی) امریکی ذرائع ابلاغ نے الزام عائد کیا ہے کہ روس سائبر حملوں کے ذریعے ہیلری کلنٹن کے خلاف ایک بہت بڑی سازش کر رہا ہے اس کی واضح شہادت یہ ہے کہ ابھی کچھ دیر پہلے ہیلری کلنٹن کی انتخابی مہم اور ڈیموکریٹک پارٹی کی اہم دستاویزات پر سب سے بڑا سائبر حملہ کیا گیا ہے۔ امریکی خفیہ ادارے ایف بی آئی نے وسیع پیمانے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ایف بی آئی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ کچھ طاقتیں نہیں چاہتیں کہ ہیلری کلنٹن الیکشن مہم میں امریکیوں کو متاثر کریں اس لیئے وہ آئے روز ہیلری کلنٹن کی ذاتی ای میلز اور ڈیمو کریٹک کی آفشلز ویب سائٹس پر سائبر حملے کر رہے ہیں ۔ انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ چند گھنٹوں پہلے ڈیمو کریٹک پارٹی کی بعض اہم دستاویزات پر سائبر حملہ کر کے کچھ راز چرا لیے گئے ہیں ۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان سائبر حملوں کے پسِ پردہ روس کی حکومت ہے اور اس مقصد کے لیئے روس اپنے ٹرینڈ ایجنٹوں کے ذریعے امریکہ میں سائبر حملے کروا رہا ہے اور اس سے دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہو سکتے ہیں ۔ امریکی تھنک ٹینک اداروں کا کہنا ہے کہ روس نہیں چاہتا کہ ہیلری کلنٹن آئندہ صدارتی انتحاب جیتیں اس لیئے وہ ہیلری کلنٹن کی انتخابی مہم کو متاثر کرنے کے لیئے ڈونلڈ ٹرمپ کا گراف اوپر لانے کے لیئے اس طرح کے غیر قانونی حربے استعمال کر رہا ہے۔ امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیلری کلنٹن کی انتخابی مہم کے انچارج کا کہنا تھا کہ ڈیٹا کے کچھ پروگراموں تک ہیکرز نے رسائی حاصل کر لی ہے۔ ہیلری کلنٹن کے پریس سیکرٹری نِک میرل نے بھی اخبارنویسوں کو بتایا کہ انہوں نے اس سائبر حملے پر انکوائری کی ہے جس سے یہ بات سچ ثابت ہو گئی ہے کہ اس حملے کے پیچھے کوئی بیرونی ہاتھ ہے اندرونی نہیں ۔