خبرنامہ انٹرنیشنل

روس سے تعلقات کی تفتیش بارے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ریپبلکنز کا انتباہ

روس سے تعلقات

روس سے تعلقات کی تفتیش بارے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ریپبلکنز کا انتباہ

واشنگٹن۔:(ملت آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کی اپنی ریپبلکن پارٹی کے ساتھیوں نے مشیر رابرٹ مولر کی تفتیش میں مداخلت کرنے پر متنبہ کیا ہے۔ برطانو ی خبررساں ادارے کے مطابق اپنے ایک ٹویٹ میں صدر ٹرمپ نے اپنا موقف دیا تھاکہ ان کی ٹیم کا روس سے کوئی تعلق نہیں۔ انھوں نے اس جانچ کو ’’وچ ہنٹ‘‘ قرار دیا۔ انھوں نے ٹویٹ کیا کہ مولر کی ٹیم میں 13 پرانے ڈیموکریٹس کیوں ہیں۔ ان میں بعض ہیلری کے حامی ہیں اور ان میں ایک ڈیموکریٹ کو شامل کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کے حوالے سے سوالات اٹھ رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس جانچ میں پرانے ڈیموکریٹ کی اکثریت ہے۔ خیال رہے کہ ایف بی آئی کے سابق سربراہ رابرٹ مولر ریپبلکن ہیں۔ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم نے کہا کہ مولر کو بغیر کسی مداخلت کے کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیے اور یہ کہ بہت سے ریپبلکن ان کے اس خیال سے اتفاق رکھتے ہیں۔انھوں نے صدر ٹرمپ کو رابرٹ مولر کو برخاست کرنے کی کسی کوشش کے خلاف خبردار کیا ہے۔لنڈسے گراہم نے کہا اگر انھوں نے ایسا کیا تو یہ ان کی صدارت کے خاتمے کی ابتدا ہوگی کیونکہ ہم لوگ قانون کا احترام کرنے والی قوم ہیں۔ایوان نمائندگان میں ریپبلکن کے سپیکر پال رائن کی ترجمان ایش لی سٹرانگ نے کہا سپیکر ہمیشہ سے کہتے آئے ہیں کہ مولر اور ان کی ٹیم کو ان کا کام کرنے دینا چاہیے۔دوسری جانب سینیٹ میں ڈیموکریٹ کے رہنما چارلس شومر نے صدر ٹرمپ پر تفتیش کو متاثر کرنے کا الزام لگایا۔انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے ریپبلکن ساتھی اور بطور خاص ان کے سربراہ کی ہمارے ملک کے متعلق یہ ذمہ داری ہے کہ وہ سامنے آ کر یہ واضح کریں کہ مولر کا ہٹایا جانا وہ سرخ لکیر ہے جسے ہماری جمہوریت پار نہیں کرسکتی۔خیال رہے کہ صدر ٹرمپ کا بیان ان کے وکیل جان ڈوڈ کے بیان کے ایک روز بعد آیا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ سپیشل مشیر کی جانچ کے ختم ہونے کا وقت آ گیا ہے۔