خبرنامہ انٹرنیشنل

روس نے شام میں ایس 300 میزائل نظام نصب کر دیا، امریکا کا اظہار تشویش

ماسکو/واشنگٹن: (ملت+ آئی این پی) روس نے اپنا جدید ترین دفاعی میزائل نظام شام بھیجنے کی تصدیق کر دی،امریکہ نے روسی اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس سے مذاکرات کی معطلی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ امریکا نے شامی عوام کو تنہا چھوڑ دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی وزارت دفاع کے ترجمان میجر جنرل ایگور کوناشینکوو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شام کی بندرگاہ طرطوس میں موجود روسی بحری اڈے پر ایئر ڈیفنس میزائل نظام ایس 300 بھیجا گیا ہے۔ جس کا مقصد اپنے بحری اڈے کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ایگور کوناشینکوو کا کہنا تھا کہ یہ بات ان کی سمجھ سے بالاتر ہے کہ ایس 300 کو بھیجنے پر ہمارے مغربی ساتھیوں کو اتنی تشویش کیوں ہو رہی ہے حالانکہ ایس 300 مکمل طور پر دفاعی نظام ہے اور اس سے کسی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ یہ دفاعی نظام ویسا ہی ہے جیسا اس سے قبل ماسکو میں نصب کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ ایس 300 موبائل نظام ہے اور اس کے ریڈار، لانچر اور کمانڈ سسٹم کو کئی گاڑیوں پر لایا جاتا ہے، امریکا نے گزشتہ روز شام کے معاملے پر روس کے ساتھ مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ روس جنگ بندی کے معاہدے کی شرائط کو پورا نہیں کر سکا تاہم روس کے ساتھ رابطوں کو برقرار رکھا جائے گا۔امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان پیٹر کک کی طرف سے کہا گیا کہ شام میں سرگرم داعش یا النصرہ فرنٹ کے پاس ایئرفورس نہیں ہے، اس لیے ان میزائلوں کی تنصیب پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ دوسری طرف امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ روس سے مذاکرات کی معطلی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ امریکا نے شامی عوام کو تنہا چھوڑ دیا ہے۔