خبرنامہ انٹرنیشنل

روس نے 24 گھنٹے میں دوسری بار شام بارے قرارداد ویٹو کردی

روس نے 24 گھنٹے میں دوسری بار شام بارے قرارداد ویٹو کردی
نیویارک:(ملت آن لائن) روس نے 24 گھنٹے میں دوسری بار شام میں کیمیائی حملے کی تحقیقات کی قرارداد کو ویٹو کردیا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں روس نے شام میں کیمیائی حملے کی تحقیقات میں توسیع کی قرارداد کو ویٹو کردیا۔ قرارداد امریکا نے پیش کی تھی جس میں شامی صدر بشارالاسد اور ان کے اتحادیوں کی جانب سے عام شہریوں کے خلاف زہریلے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران روس نے دوسری مرتبہ اس قرارداد کو مسترد کیا ہے جبکہ 2011 کے بعد یہ گیارہویں قرارداد ہے جسے روس کی جانب سے ویٹوکیاگیا ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ شام میں گزشتہ اپریل نہتے شہریوں کے خلاف خطرناک سیرین گیس کے استعمال میں ملوث شامی فوج کے اہلکاروں اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ 12 ممالک نے قرارداد کے حق میں جب کہ بولیویا اور روس نے اس کی مخالفت میں ووٹ ڈالا۔ سلامتی کونسل میں قرارداد کی منظوری کے لیے ضروری ہے کہ پانچ مستقل ارکان میں سے کوئی اسے ’ویٹو‘ نہ کرے اور کم از کم 9 ارکان اس کی حمایت کریں۔