خبرنامہ انٹرنیشنل

روس کا ایک بارپھر شامی صدربشار الاسد کا بھرپور دفاع

ماسکو(ملت + آئی این پی) روس نے ایک بارپھر شامی صدربشار الاسد کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی رخصتی سے متعلق سوچنا بھی محال ہے،شام کو دہشت گردوں کے قبضے سے بچانے کیلئے بشار الاسد کا حکومت میں رہنا ضروری ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی صدرولاد میر پیوٹن کے ترجمان دمتری پیسکوف کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ بشارالاسد کوبرسراقتداررہنے کی ضرورت ہے تاکہ شام کوجنگجوں کے ہاتھ لگنے سے بچایا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت 2 ہی آپشن ہیں، بشارالاسد دمشق میں بیٹھے رہیں یا پھر النصر فرنٹ (فتح الشام محاذ) دمشق میں بیٹھیں مگر شامی صدرکو دمشق میں تنازع کے سیاسی حل کے لیے رہنا چاہیئے۔دمتری پیسکوف کا شام میں فضائی بمباری کا دفاع کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فضائی کارروائی کا مقصد دہشت گردوں کے خلاف لڑنا ہے جب کہ شامی حکومت کے گھر جانے کی صورت میں مزید مہاجرین یورپ کا رخ کرسکتے ہیں جو یورپی ممالک میں دہشت گردی حملوں کا باعث بن سکتے ہیں۔روسی صدر کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بعض ممالک دہشت گردوں کو استعمال کر کے بشارالاسد کو اقتدار سے ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں اور بعض سوچے سمجھے بغیر شامی صدر کو اقتدار چھوڑنے کا کہہ رہے ہیں لیکن اگر دمشق پر دہشت گرد قابض ہو گئے تو پھر اس بحران کا کوئی سیاسی حل نہیں نکل سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ شامی تنازع کے جلد حل کی بہت تھوڑی امید ہے، اس بحران کو حل کرنے کے لیے عالمی برادری کو طویل اور انتھک محنت کرنا ہوگی، تمام شامی علاقوں کودہشت گردوں سے آزاد کرایا جانا چاہیئے اورملک کو ٹوٹنے سے بچانے کے لیے ہرممکن اقدام اٹھانے چاہیئیں کیونکہ اگرشام کے ٹکڑے ہوئے تواس کے پورے خطے پرسنگین اثرات مرتب ہوں گے۔