خبرنامہ انٹرنیشنل

سعودی حکومت آج سے عمرہ ویزوں کا اجراء شروع کرے گی

فیصل آباد۔17 اکتوبر(ملت + اے پی پی )ایسوسی ایشن آف ایشین حجاج کے کنوینر حافظ محمد شفیق کاشف نے بتایا ہے کہ سعودی حکومت آج 16محرم بروز منگل سے عمرہ ویزوں کا اجراء شروع کرے گی جبکہ ویزوں کی فراہمی کا عمل 15ذیقعد تک جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی حکومت کے وزیر حج صالح بن طاہر سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران انہوں نے یقین دلایا کہ سعودی حکومت پاکستانی عمرہ زائرین کو بہترین معیار کی تمام ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی ۔انہوں نے بتایاکہ سعودی وزیر نے یقین دلایا ہے کہ آئندہ سال حج 2017ء سے قبل حرم شریف کا توسیعی منصوبہ مکمل ہونے پر گزشتہ مکمل کوٹہ بحال کر دیا جائے گا۔انہوں نے بتایاکہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ رواں سال پاکستانی عازمین حج کی جانب سے سعودی مرکز شکایات کو انتظامات کے حوالے سے کو ئی شکایت موصول نہیں ہوئی جس کے لئے سعودی حکومت خراج تحسین کی مستحق ہے۔انہوں نے بتایاکہ اس بار پاکستانی پرائیویٹ سیکٹر نے بھی سعودی عرب میں بہترین انتظامات کئے تھے جبکہ آئندہ سالوں میں پرائیویٹ سیکٹر کی اہمیت اور بھی بڑھ جائے گی کیونکہ سعودی حکومت اپنے ملک میں سیاحت کے فرو غ کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے اور اس میں پرائیویٹ سیکٹر بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی عمرہ کمپنیاں عمرہ ویزوں کے حصول کے بعد زائرین سے کئے گئے معاہدوں پر عملدرآمد اور ویزہ مدت کے اندر زائرین کی حجاز مقدس سے وطن واپسی کیلئے اقدامات کو بھی یقینی بنائیں تاکہ بعد میں کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔