خبرنامہ انٹرنیشنل

سعودی خواتین کے لئے بڑی خوشخبری آ گئی

سعودی خواتین کے لئے بڑی خوشخبری آ گئی
سعودی خواتین کو موٹر سائیکل اور ٹرک چلانے کی اجازت مل گئی

سعودی عرب(ملت آن لائن)سعودی عرب میں خواتین کے ڈرائیو کرنے پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد اب وہاں کی عورتیں موٹر سائیکل اور ٹرکس بھی چلا سکیں گی۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ٹریفک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئے قوانین خواتین کو موٹر سائیکل اور ٹرک چلانے کی بھی اجازت دیتے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ ’’ہاں ہم خواتین کو موٹرسائیکل اور ٹرکس چلانے کی بھی اجازت دیں گے کیوں کہ اس حوالے سے جاری ہونے والے شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ ڈرائیونگ کے حوالے سے قوانین میں مردوں اور عورتوں کو برابری کے حقوق دیے جائیں‘‘۔یہ بات بھی سامنے آئی کہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والی سعودی خواتین کو کوئی خصوصی نمبر پلیٹس جاری نہیں کیے جائیں گے البتہ خواتین ڈرائیورز کی جانب سے کی جانے والی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور حادثات سے نمٹنے کے لیے علیحدہ مراکز قائم کیے جائیں گے جہاں عملہ خواتین پر مشتمل ہوگا۔

سعودی یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلباء کے لئے اسکالرشپ کوٹہ مختص

ریاض:(ملت آن لائن) سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے خوش خبری، سعودی عرب کی یونیورسٹیوں میں انڈر گریجویٹ تعلیمی پروگراموں میں پاکستان کے طلباء کے لئے اسکالرشپ کوٹہ مختص کر دیا۔ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیرخان ہشام بن صدیق نے ریاض میں سعودی عرب کے وزیر تعلیم ڈاکٹر احمد العیسٰی سے ملاقات کی، ملاقات میں سفیر نے ڈاکٹر احمد العیسی کو سعودی عرب میں پاکستانیوں کی تعلیمی سہولیات سے بھی آگاہ کیا جبکہ دمام اور ریاض میں پاکستانی سکولوں کے تعلیمی سرگرمیوں اور زیر تکمیل تعمیر سے بھی آگاہ کیا۔ سعودی وزیر تعلیم نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستانیوں کے لئے مختلف یونیورسٹیوں میں انڈر گریجویٹ تعلیمی پروگراموں میں اسکالرشپ کوٹہ مختص کردیا ہے۔ پاکستانی سفیرنے اس موقع پردمام اور ریاض میں پاکستانی سکولوں کی تعمیر کے منصوبوں کی تیزی سے تکمیل اور سہولیات کے لئےدرخواست کی، جس پر سعودی وزیر تعلیم نےحمایت کی یقین دہانی کرائی۔ سعودی وزیر تعلیم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے طالب علموں کے تعلیمی اور ثقافتی تبادلے کے پروگراموں کا آغاز کیا جا سکتا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے میدان میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔