خبرنامہ انٹرنیشنل

شام؛ خانہ جنگی میں تیزی، 2روزمیں 180افراد جاں بحق

دمشق(آئی این پی)شام میں پانچ سال سے جاری خانہ جنگی میں شدت آگئی ، حکومتی افواج اور باغیوں کے حملے میں صرف 2 روز کے دوران 180 شہری مارے گئے جبکہ درجنوں زخمی ہیں ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق شام میں خانہ جنگی وقت کے ساتھ ساتھ شدید ہوتی جا رہی ہے ۔ گزشتہ دو روز کے دوران حکومتی اور باغی فوجیوں کے حملوں میں 180 شہری مارے گئے جن میں 22 بچے اور 23 خواتین بھی شامل ہیں ۔ سیرین آبزرویٹری کمیشن کا کہنا ہے کہ 15 دنوں میں حکومتی افواج کی جانب سے محاصرہ کیے گئے شہر حلب میں 327 شہری مارے گئے ہیں ۔ مارے جانے والوں میں 76 بچے اور 41 خواتین ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق حلب میں 100 سے زائد شہری حکومتی افواج کے ہاتھوں ہلاک ہوئے ہیں ۔ حکومتی افواج کی جانب سے باغیوں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن شروع کرنے کے بعد شہری ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ 2011 میں شروع ہونے والی شامی خانہ جنگی میں اب تک 2 لاکھ اسی ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔