خبرنامہ انٹرنیشنل

شام میں صدربشارالاسد کی فوج کا کنسابا پر دوبارہ قبضہ

دمشق:(اے پی پی)شام میں صدر بشارالاسد کی فوج نے لطاکیہ صوبے کے قصبے کنسابا پر دوبارہ قبضہ حاصل کرلیا ہے جبکہ اسرائیل نے شام کی سرحد سے متصل علاقے گولان پر شامی پناہ گزینوں کے لیے کیمپ بنانے کا اعلان کردیا ہے۔شام میں داعش کے زیر قبضہ علاقے دوبارہ حاصل کرنے کے لیے شام کی افواج روسی فوج کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں کررہی ہے ،شامی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اس نے صوبے لطاکیہ کے قصبے کنسابا سے داعش کے جنگجوؤں کو پسپا کردیا ہے اور اب یہاں شامی فوجکا کنٹرول ہے ،شامی فوج کا مزید کہنا تھا کہ یہایک بڑی کامیابی ہے جس سے عدلب میں براہ راست کارروائیاں کرنے میں آسانی ہوگی اور جلد ہی عدلب سے بھی داعش کا صفایا کردیا جائے گا۔اسرائیل نے شام اور اسرائیل کی سرحد سے متصل متنازعہ علاقے گولان میں شامیوں کیلئے امدادی کیمپ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔شامی گولان پر اسرائیل کی جانب سے درجنوں خیمے بھجوادئے گئے ہیں جہاں شامی مہاجرین کو رکھا جائے گا۔ایک اسرائیلی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر رائٹرز کے نمائندے کو بتایا اسرائیل کا مقصد اپنی سرحد پر لاکھوں زخمی مہاجرین کو پناہ دینا نہیں بلکہ ایک متنازعہ علاقے میں آبادی قائم کرکے اس علاقے میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانا ہے۔اقوام متحدہ کی جانب سے شام کے جنگ زدہ علاقوں میں محصور عوام کے لییامدادی سامان کی ترسیلبھی کی گئی جس کے بعد اقوام متحدہ کے سفیر اسٹیفن ڈی مستورا نے مزید امداد کی اپیل کی ہے ،یہ بہت حوصلہ افزا بات ہے کہ ریڈ کراس کی جانب سے شام کے محصور علاقوں میں دوبارہ کھانے پینے اور دوائیوں کے ٹرک بھجوائے گئے ہیں ۔تاہم شامیوں کی حالت اتنی ابتر ہے کہ انہیں مزید امداد کی ضرورت ہے ،شام میں کئی برسوں سے جاری خانہ جنگی میں لاکھوں افراد ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں شامی باشندے مختلف ممالک کی سرحدوں پر کیمپوں میں پناہ گزین ہیں۔