خبرنامہ انٹرنیشنل

شمالی افغانستان میں فوجیوں،بس پر خودکش حملہ، تین فوجی اہلکار ہلاک ،18زخمی

کابل ۔ (اے پی پی) شمالی افغانستان میں فوجیوں کو لیجانے والی بس پر خودکش حملے میں تین فوجی اہلکار ہلاک اور18زخمی ہوگئے، ننگرہارمیں نامعلوم افراد کے حملے میں صدارتی گارڈز میں شامل ایک اہلکار ہلاک ہوگیا، افغان سیکورٹی فورسز نے ملک کے مختلف حصوں میں کاروائیوں کے دوران 34عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے۔افغان میڈیا کے مطابق پیر کو شمالی صوبہ بلخ کے ضلع ڈھادادی میں فوجی اہلکاروں کولیجانے والی منی بس کے قریب ایک پیدل چلنے والے خودکش حملہ آور نے اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد کو دھماکے سے اڑادیا۔صوبائی گورنر کے ترجمان فرہاداحمد تیمور نے میڈیا کو بتایا کہ اس حملے میں تین فوجی اہلکار ہلاک اور 18دیگر زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیاہے اور کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے۔افغان میڈیا کے مطابق طالبان کے ایک ترجمان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ادھر صوبہ ننگرہارمیں نامعلوم افراد کے حملے میں صدارتی گارڈز میں شامل ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔صوبائی گورنر سلیم خان قندوزی کے ترجمان نے بتایاکہ صدارتی محافظ کو ان کے گھر میں گولی ماری گئی اور فائرنگ سے ان کی والدہ بھی زخمی ہوگئی۔دریں اثناء افغانستان کی سیکورٹی فورسز نے ملک کے مختلف حصوں میں کاروائیوں کے دوران 34عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے۔کابل میں افغان وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیاہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کنڑ،قندہار،ارزگان، بغلان اورہلمند میں کاروائیاں کی گئیں۔اس دوران 34عسکریت پسندوں کو ہلاک جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اورگولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ان کاروائیوں میں تین افغان فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔