خبرنامہ انٹرنیشنل

شیو سینا نے ملک کے قومی ترانے سے ’’سندھ‘‘ کا لفظ نکالنے کا مطالبہ کردیا

نئی دہلی(آئی این پی)بھارت کی ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا نے ملک کے قومی ترانے سے ’سندھ‘ کا لفظ نکالنے کا مطالبہ کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق شیو سینا کے رکن اروند ساونت نے یہ معاملہ قومی اسمبلی (لوک سبھا) کے اجلاس میں اٹھایا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت میں ’سندھ‘ نام سے کوئی ریاست نہیں اس لیے اس لفظ کو کسی دوسرے مناسب لفظ سے تبدیل کردیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ قومی ترانے کی پارلیمنٹ نے منظوری دی ہے اس لیے اسے ہی سندھ کا لفظ نکالنے کے لیے کارروائی شروع کرنے چاہیے۔واضح رہے کہبھارت کا قومی ترانہ ’’جانا گانا مانا‘‘ نوبل انعام یافتہ ربندرا ناتھ ٹیگور نے 1911 میں تخلیق کیا تھا، جس کی 1950 میں بھارت کی قانون ساز اسمبلی نے منظوری دی تھی۔خیال رہے کہ پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح نے1929 میں نہرو رپورٹ کے جواب میں مشہور زمانہ اپنے 14 نکات میں سندھ کو بمبئی سے الگ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔مسلمانوں کے مطالبے پر برطانوی حکومت نے 1936 میں سندھ کو بمبئی سے سے علیحدہ کرکے الگ صوبے کا درجہ دیا، جبکہ 1947 میں قیام پاکستان کے وقت سندھ کو مسلم اکثریتی صوبہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کا حصہ بنا دیا گیا۔