خبرنامہ انٹرنیشنل

صدراوباما کا ہیلری کی حمایت کا اعلان

واشنگٹن(آئی این پی ) امریکی صدر براک اوباما نے ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کی حمایت کا اعلان کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر نے اپنے ویڈیو پیغام میں ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ 15 جون سے وسکانسن میں ہیلری کی صدارتی مہم بھی چلائیں گے۔ ہیلری کلنٹن ڈیموکریٹ جماعت کی جانب سے سب سے مضبوط صدارتی امیدوار ہیں جنہیں کئی ریاستوں سے حمایت حاصل ہے۔دوسری جانب صدر اوباما کی جانب سے ہیلری کلنٹن کی حمایت کئے جانے پر مخالف صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سخت ناراض ہیں جنہوں نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ہلیری کلنٹن کی حمایت کر کے براک اوباما مزید 4 سال کا اقتدار چاہتے ہیں مگر امریکی عوام ایسا نہیں ہونے دیں گے۔