خبرنامہ انٹرنیشنل

صرف موت ہی مجھ سے سعودی تخت چھین سکتی ہے، ولی عہد محمد بن سلمان

صرف موت ہی مجھ سے سعودی تخت چھین سکتی ہے، ولی عہد محمد بن سلمان

واشنگٹن:(ملت آن لائن) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ صرف موت ہی انہیں سعودی تخت و تاج سے محروم کرسکتی ہے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان امریکا کا دورہ کررہے ہیں اور وہ کل صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ یہ تو خدا کو ہی پتہ ہے کہ میں کتنا جیوں گا، لیکن اگر زندہ رہا اور حالات صحیح رہے تو پھر توقع یہی ہے کہ اگلے 50 سال تک سعودی عرب کی باگ ڈور میرے ہاتھ میں ہی رہے گی، اور پھر صرف موت ہی مجھ سے تخت چھین سکتی ہے۔

سعودی حکومت کا سینما گھرکھولنے کا اعلان
ایران
ایران کے حوالے سے شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ایران کا سعودی عرب کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں، ایران نہ تو دنیا کی بڑی فوجی قوتوں میں شامل ہے اور نہ ہی اقتصادی میدان میں سعودی عرب کا ہم پلہ ہے۔

اسامہ بن لادن
اسامہ بن لادن سے متعلق سوال کے جواب میں سعودی شہزادے نے کہا کہ القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن نے نائن الیون کے حملوں کے لیے 15 سعودی شہریوں کو اپنے ساتھ شامل کیا، اسامہ کا واضح مقصد تھا کہ وہ مشرق وسطیٰ اور مغرب، امریکا اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات خراب کرنا چاہتے تھے جس میں وہ کسی حد تک کامیاب بھی ہوگئے، تاہم ہم سعودی عرب میں حالات و معاملات کو تبدیل کر رہے ہیں اور گزشتہ تین سال کے دوران ہمیں اس میں کافی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

سعودی عرب میں انتہاپسندی
سعودی عرب میں انتہا پسندی و عدم برداشت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا یہ سچ ہے کہ 1979 میں مسجد الحرام میں ہونے والی خونریزی اور انقلاب ایران کے بعد پیش آنے والے حالات سے میری نسل کے لوگ بہت متاثر ہوئے اور انتہا پسندی میں اضافہ ہوا۔

شہزادہ محمد سلمان نے کہا کہ سعودی عرب کی یہ حقیقی تصویر نہیں، پہلا ہمارا ملک ایسا نہیں تھا، آپ 1960 اور 1970 کے سعودیہ کی تصاویر دیکھ لیں جب ہم باقی دنیا کے ملکوں جیسی نارمل زندگی گزارتے تھے، عورتیں گاڑیاں چلاتی تھیں اور ملازمت کرتی تھیں، سینما گھر ہوتے تھے لیکن 1979 میں پیش آنے والے واقعات سے سب کچھ بدل گیا، لیکن اب ہم عورتوں کو حقوق دے رہے ہیں، ان کے لیے کاروبار کرنا، فوج میں شمولیت، کنسرٹ اور موسیقی و کھیلوں کے مقابلوں میں جانا آسان بنادیا ہے۔

مرد عورت کی مساوات
ایک سوال کہ کیا عورت مرد کے برابر ہوتی ہے کہ جواب میں سعودی شہزادے نے کہا کہ بالکل عورت مرد برابر ہوتے ہیں، دونوں میں کوئی فرق نہیں ہوتا، ہمارے ہاں کچھ ایسے انتہا پسند ہیں جو عورتوں مردوں کے اختلاط سے منع کرتے ہیں، لیکن یہ لوگ اسلام کی حقیقی تعلیمات سے واقف نہیں۔

شہزادہ محمد نے سعودی مذہبی پولیس کے وسیع اختیارات بھی ختم کردیے ہیں جو پردہ نہ کرنے پر خواتین کو گرفتار کرنے کا اختیار رکھتی تھی۔ اس حوالے سے سعودی ولی عہد نے کہا کہ اسلام میں عورتوں کے شائستہ لباس پہننے کا ذکر ہے لیکن مخصوص سیاہ برقعہ یا حجاب پہننے پر زور نہیں، اس حوالے سے عورتوں کو پوری آزادی ہے کہ وہ کس طرح کا معزز اور شائستہ لباس پہننا پسند کرتی ہیں۔

انسانی حقوق کی صورتحال
سعودی عرب میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں ولی عہد نے کہا کہ سعودی حکومت انسانی حقوق کے کئی اصولوں پر یقین رکھتی ہے، لیکن یقینا سعودی معیارات امریکی معیارات جیسے تو نہیں ہوسکتے، ہمارے اندر خامیاں ہیں جن پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔

کرپشن کیخلاف کریک ڈاؤن
گزشتہ سال کرپشن کے الزام میں درجنوں شہزادوں اور وزرا کی گرفتاری سے متعلق سوال کے جواب میں ولی عہد نے کہا کہ یہ کام بہت ضروری تھا جو سعودی قوانین کے مطابق کیا گیا، گرفتار شدگان سے متعلق معلومات جلد سامنے لائیں گے اور دنیا کو بتائیں گے کہ ہم انتہا پسندی سے لڑنے کے لیے کتنا کام کررہے ہیں۔ سعودی ولی عہد نے اس حوالے سے اقتدار پر گرفت مضبوط کرنے کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کے ذریعے ہم نے 100 ارب ڈالر کی رقم واپس وصول کی ہے تاہم ہمارا مقصد لوٹی گئی دولت کی وصولی نہیں بلکہ بدعنوان عناصر کو سزا دینا اور یہ پیغام دینا تھا کہ اب نئی حکومت آگئی ہے۔