خبرنامہ انٹرنیشنل

عمرمتین کاوالدافغان صدربننےکا خواہشمند: برطانوی اخبار

لندن: (اے پی پی) اورلینڈو کے کلب میں فائرنگ کرنے والے حملہ آور عمر متین کے والد صدیق متین کے بارے میں نئے انکشافات سامنے آئے ہیں ۔ برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ صدیق متین افغان صدر بننے کے لیے کوشش کر رہا ہے جبکہ وہ طالبان کا حامی بھی رہ چکا ہے ، صدیق متین پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مہم بھی چلاتا رہا ہے ۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کا کہنا ہے کہ صدیق متین نے خود کو افغان صدر کے لیے امیدوار قرار دیا ہے جبکہ اسی مقصد کے لیے اس نے واشنگٹن میں اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ امریکی کانگریس کا دورہ کیا اور سیاسی نمائندگان سے ملاقاتیں کیں ۔ اخبار کے مطابق صدیق متین اکثر اپنے پیج پر ایسے ویڈیوز اور پیغامات پوسٹ کرتا رہا ہے جس میں وہ افغان صدر کی طرح احکامات دیتا نظر آتا ہے ۔ صدیق متین کی جانب سے امریکی صدر اوباما کو لکھے گئے خطوط میں اس نےافغان طالبان کی بھی حمایت کی ہے ۔ صدیق متین امریکی حکام کی توجہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان مخالف نفرت انگیز مہم چلانے میں ملوث رہا ہے ۔ انہوں نے یوٹیوب چینل پر کئی پروگرامات کیے جس میں پاکستان کے خلاف زہر اگلا ، جبکہ امریکا سے پاکستان کی امداد روکنے کے لیے بھی پروپیگنڈا کرتا رہا ۔ وہ سینٹ لویسا میں 2 لاکھ اکیس ہزار ڈالر کے پراپرٹی کا مالک ہے ۔