خبرنامہ انٹرنیشنل

فرانس: پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاج جاری، پولیس کی شیلنگ

پیرس:(ملت آن لائن) فرانس میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج جاری ہے جب کہ اس دوران پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پیرس میں ہونے والے احتجاج میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس میں پیٹرول کی قیمتوں کے خلاف ملک بھر کے تقریباً دو ہزار مقامات پر ڈھائی لاکھ سے زائد افراد احتجاج کررہے ہیں۔

ہفتے کے روز ہزاروں مظاہرین وزیراعظم کی رہائش گاہ کی طرف جانے کے لیے ایک جگہ اکٹھا ہوئے جس کے باعث وزیراعظم کی رہائش گاہ جانے والے راستوں اور علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

برطانوی میڈیا کا بتانا ہےکہ فرانسیسی دارالحکومت میں 30 ہزار کے قریب مظاہرین جمع ہیں جس کے باعث شہر میں تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

فرانس میں کئی روز سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف احتجاج جاری ہے۔

فرانس میں گزشتہ ایک سال کے دوران ڈیزل کی قیمتوں میں 23 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جو سن 2000 کے بعد سب سے زیادہ اضافہ ہے۔