خبرنامہ انٹرنیشنل

فلوریڈا: ہم جنس پرستوں کےکلب میں فائرنگ 50 افراد ہلاک

فلوریڈا:(اے پی پی) آرلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے لئے مخصوص نائٹ کلب میں مسلح شخص نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک اور 53 زخمی ہوگئے جب کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا جس کی شناخت افغان نژاد امریکی شہری عمر متین کے نام سے ہوئی- امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر آرلینڈو میں مسلح شخص جسم سے بم باندھ کر ہم جنس پرستوں کے لئے مخصوص نائٹ کلب میں داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک اور 53 زخمی ہو گئے۔ مسلح شخص نے نائٹ کلب کے اندر موجود متعدد افراد کو یرغمال بنائے رکھا تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور مارا گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو آرلینڈو کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا جہاں طبی عملے کے مطابق ان میں سے بعض کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ ادھر امریکی حکام نے فائرنگ کے واقعے کو دہشت گردی قرار دیا جب کہ ایف بی آئی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے تاکہ پتہ چلایا جا سکے کہ آیا حملہ آور اکیلے ہی فائرنگ میں ملوث تھا یا پھر وہ ممکنہ طور پر اسلامی شدت پسندی سے متاثر ہوسکتا ہے تاہم اس بات کے شواہد نہیں ملے کہ فائرنگ کا واقعہ مقامی یا بین الاقوامی دہشت گردی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق حملے کے فوری بعد امریکی صدر براک اوباما کو اس حوالے سے بریفنگ دی گئی جس میں صدر کا کہنا تھا کہ انہیں تحقیقات کے ہر لمحے سے آگاہ رکھا جائے جب کہ نائب صدر جو بائیڈن کو بھی حملے کے حوالے سے بریف کیا گیا۔ حملہ آور کی شناخت 29 سالہ عمر متین کے نام سے ہوئی جو افغان نژاد امریکی شہری اور فلوریڈا کے شہر پورٹ سینٹ لوسی کا رہائشی ہے، وہ نیویارک میں پیدا ہوا اور نیو جرسی کی رہائشی خاتون سے شادی کی۔ آرلینڈو پولیس کے چیف کا کہنا تھا کہ حملہ آور ایک رائفل اور ایک پستول سے مسلح تھا اور اس نے اپنے ساتھ کسی قسم کا آلہ بھی باندھ رکھا تھا جب کہ حملے کے وقت کلب میں 300 سے زائد افراد موجود تھے۔ ادھر عمر متین کے والد صدیقی متین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس افسوس ناک واقعے پر معذرت خواہ ہوں لیکن اس کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں جب کہ میں خود بھی نہیں جانتا تھا کہ عمر اس طرح کی کارروائی کرنے جارہا تھا تاہم اس وقت پوری امریکی قوم کی طرح وہ بھی صدمے سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دن پہلے ان کا بیٹا عمر اس وقت شدید غصے میں آگیا تھا جب اس نے میامی ہم جنس پرستوں کو بوس و کنار کرتے ہوئے دیکھا اور اس کو یہ حرکت انتہائی ناگوار گزری تھی۔ امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص عمر متین نے نائٹ کلب میں فائرنگ سے قبل پولیس ایمرجنسی سروس پر کال کرکے داعش سے وابستگی کا اعلان بھی کیا تھا جب کہ عمر متین کی سابقہ بیوی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئےبتایا کہ عمر متین ایک پرتشدد شخصیت کا مالک تھا اوراس کی ذہنی صحت بھی درست نہیں تھی۔ عمر کی سابقہ بیوی کا کہنا تھا کہ وہ جب گھر آتا تو کبھی کپڑے دھونے اور دوسرے کاموں پرمجھے پیٹنا شروع کردیتا تھا۔ امریکی صدر براک اوباما نے فلوریڈا واقعے پر قوم سے خطاب میں حملے میں نشانہ بننے والے افراد کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے آج برا دن ہے، واقعے پر امریکی گہرے دکھ میں ہیں جب کہ حملے کی وجوہات کا تاحال کچھ علم نہیں لیکن واقعے کی دہشت گردی کے حیثیت سے تحقیقات جاری ہیں اور حقائق کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا جائے گا اور تحفظ کے لیے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے جب کہ امریکا اپنی اقدار نہیں بدلے گا، امریکی شہریوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ مشترکہ کوششوں سے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہےجب کہ اورلینڈو کے میئر سے اس سلسلے میں بات ہوئی ہے، اورلینڈو حکام کی ہرممکن معاونت کریں گے۔ 2 روز قبل بھی آرلینڈو میں ایک مسلح شخص نے میوزک کنسٹرٹ کے دوران فائرنگ کر کے امریکن ٹی وی کے مشہور پروگرام ’دی وائس‘ کی گلوکارہ کرسٹینا گریمی کو ہلاک کردیا تھا۔