خبرنامہ انٹرنیشنل

اسرائیل نے ہتھیار ڈال دیے، مسجد اقصیٰ سے میٹل ڈٹیکٹرز ہٹانے کا اعلان

مقبوضہ بیت القدس(ملت آن لائن)اسرائیل نے فلسطینیوں کی مزاحمت کے سامنے ہتھیار ڈالتے ہوئے مسجد اقصیٰ میں داخلی مقامات سے میٹل ڈٹیکٹرز ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکومت نے مسجد اقصیٰ کے داخلی راستوں پر میٹل ڈٹیکٹرز ہٹا کر دیگر جدید آلات لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ صہیونی کابینہ کے اجلاس میں سیکیورٹی اداروں کی سفارشات کو منظور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے رات گئے اعلان کیا کہ میٹل ڈٹیکٹرز ہٹا کر جدید ٹیکنالوجی کے دیگر آلات کو استعمال کیا جائے گا۔ اسرائیلی میڈیا نے خبر دی ہے کہ ایسے جدید کیمرے لگائے جائیں گے جو پوشیدہ اشیا کی نشاندہی کرسکیں گے۔

صہیونی حکومت کی جانب سے مسجد اقصی میں مسلمانوں کے داخلے پر لگائی گئی پابندیوں پر فلسطینیوں نے سخت احتجاج کیا تھا جس کے دوران اسرائیلی فورسز اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئیں جن میں تین فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ فلسطینی مسلمانوں کے جوابی ردعمل میں تین یہودی بھی مارے گئے تھے۔

فلسطینیوں کا موقف ہے کہ اسرائیل کی جانب سے میٹل ڈٹیکٹرز لگانے کا مقصد مقدس مقامات پر کنٹرول حاصل کرنا ہے۔ واضح رہے کہ فلسطین پر اسرائیل کا قبضہ ہے لیکن ایک معاہدے کے تحت مسجد اقصیٰ کے انتظامات کا کنٹرول اردن حکومت کے پاس ہے۔