خبرنامہ انٹرنیشنل

ٹرمپ نے ایک بار پھرایران ایٹمی معاہدے کو بدترین قراردیا

واشنگٹن (ملت + اے پی پی) امریکا کے صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام لگاتے ہوئے ایٹمی معاہدے کو بدترین قرار دیا ہے۔ پریس ٹی کے مطابق امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایرانی عوام کے خلاف جو ہم سے پہلے کی امریکی حکومت سے فائدہ اٹھا رہے تھے نئی پابندیاں عائد کردی ہیں ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا کہ ایرانی دنیا میں دہشت گردی کے اصلی حامی ہیں اور ہم ان پر اس وقت تک پابندی عائد کئے رہیں گے جب تک کہ یہ مسئلہ مناسب طریقے سے حل نہیں ہو جاتا۔ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گذشتہ برس ہونے والے ایٹمی سمجھوتے کے بعد ایران کے خلاف مغرب کا ایٹمی تنازعہ جو ایک لمبے عرصے سے چلا آرہا تھا ختم ہو گیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے قرارداد بائیس اکتیس منظور کرکے اس معاہدے کی توثیق کی ہے۔