خبرنامہ انٹرنیشنل

ٹرمپ نے ‘خلائی فورس’ بنانے کا اعلان کردیا

صدر ٹرمپ کا شام

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چاند، مریخ اور خلاء پر امریکی بالادستی کے حصول کے لیے خلائی فورس بنانے کا اعلان کردیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرزکے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم خلاء میں بھی قیادت کریں گے اور خلائی فورس زمین کے باہر بھی ہماری بالادستی کو یقینی بنائے گی۔

وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ‘خلائی فورس’، ایئر فورس سے علیحدہ لیکن برابر کی فورس ہوگی۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ چین اور روس سے پہلے ہم خلاء میں موجود ہوں گے۔

تاہم امریکی صدر کے اس خیال سے ٹرمپ انتظامیہ کے اراکین کچھ متفق نظر نہیں آتے۔

گزشتہ برس جب کانگریس نے پہلی مرتبہ یہ تجویز پیش کی تھی تو امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے اس پر شدید تنقید کی تھی۔

دوسری جانب قانون سازوں کا کہنا ہے کہ خلائی فورس راتوں رات نہیں بن سکتی اور اس کے لیے صرف اعلان کردینا کافی نہیں بلکہ اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے وقت اور پیسہ اور قانون سازی کی بھی ضرورت ہوگی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد ٹوئٹر صارفین کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آیا۔

ایک صارف نے لکھا، ‘میرا خیال ہے کہ کسی نے بالآخر ڈونلڈ ٹرمپ کو خلائی مخلوق کے بارے میں بتا دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ اب ان کا خیال ہے کہ ہمیں اسپیس فورس کی ضرورت ہے۔’

ایک اور صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا، ‘مجھے پورا یقین ہے کہ ‘اسپیس فورس’ بھی اقوام متحدہ کے معاہدے کی خلاف ورزی کرے گی، یہ لوگ حقیقت کو نہیں دیکھ رہے کہ معصوم بچوں سے بھرے ہوئے کتنے کیمپس موجود ہیں، لہذا میرا خیال ہے کہ جو وہ چاہتے ہیں، وہ کرسکتے ہیں۔’