خبرنامہ انٹرنیشنل

پاکستانی فنکاروں کی حمایت میں بیان پرشیو سینا کی سلمان خان کو دھمکیاں

ممبئی(آئی این پی)بھارت کی انتہا پسند جماعت شیو سینا نے پاکستانی فنکاروں کی حمایت میں بیان دینے پر بولی وڈ اداکار سلمان خان کو سبق سکھانے کی دھمکی دیتے ہوئے پاکستان چلے جانے کا مشورہ دیدیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا کی رہنما منیشا کایاندے نے بولی وڈ اداکار سلمان خان کی پاکستانی فنکاروں کی حمایت میں بیان دینے پر انہیں پاکستان چلے جانے کا مشورہ دے دیا ہے۔بھارتی اخبار ’’انڈین ایکسپریس ‘‘کی رپورٹ کے مطابق انتہا پسند جماعت شیو سینا کی رہنما منیشا کایاندے نے 50 سالہ سلمان خان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ انہیں سبق سکھانے کی ضرورت ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر سلمان خان کو پاکستانی فنکاروں سے اتنی ہی محبت ہے تو وہ پاکستان چلیں جائیں۔واضح رہے کہ انڈین فلم ایسوسی ایشن نے چند روز قبل ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے باعث پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی۔اس واقع کے بعد بولی وڈ کی متعدد شخصیات نے اپنا ردعمل دیا جن میں کچھ پاکستانی فنکاروں کے خلاف جبکہ کچھ ان کی حمایت میں بولے تھے۔ان اداکاروں میں سلمان خان بھی شامل ہیں جنہوں نے پاکستان کے اداکاروں کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ آرٹس ہیں دہشت گرد نہیں، انہیں بھارت آنے کا ویزا بھارتی حکومت ہی دیتی ہے۔واضح رہے کہ اوڑی حملے کے بعد بھارت کی قوم پرست جماعتوں نے فواد خان اور ماہرہ خان سمیت 7 پاکستانی اداکاروں کو 48 گھنٹوں کے دوران بھارت چھوڑ کر جانے کا الٹی میٹم دیا تھا۔مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) نے کرن جوہر کے گھر کے باہر بھی دھرنا دیا، جس کی وجہ ان کی فلم اے دل ہے مشکل تھی، جس میں انھوں نے پاکستانی اداکار فواد خان کو کاسٹ کیا تھا۔اس واقع کے بعد بھی سلمان خان کرن جوہر کی مدد کے لیے آگے آئے تھے اور رپورٹس کے مطابق انھوں نے مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) کے صدر راج ٹھاکرے کو فون کرکے دھرنا ختم کرنے کی گزارش کی تھی۔